ایک ہاتھی
چند ہندوستانی ملک ایران میں نمائش کے لیے ایک ہاتھی لے گئے، اور اسے ایک تاریک اندھیرے گھر میں رکھا گیا تاکہ کوئی بھی چراغ یا روشنی کے بغیر اسے نہ دیکھ سکے۔ ہاتھی دیکھنے کے چار شوقین رات کے وقت ہاتھی دیکھنے آئے تو انہیں کہا گیا کہ یہ دیکھنے کا وقت نہیں ہے۔ لیکن انہوں نے ضد کی اور کہا: "ہم ابھی ہاتھی دیکھیں گے اور چھو کر اندازہ لگا لیں گے۔ ہمیں چراغ کی ضرورت نہیں، تم بس ہمیں اندر جانے دو اور ہاتھی دکھا دو۔"
چنانچہ ان میں سے ایک شخص ہاتھی کے قریب گیا اور اس کا ہاتھ ہاتھی کی سونڈ سے جا لگا۔ وہ باہر آ کر کہنے لگا: "ہاتھی ایک نالے (پائپ) کی طرح گول، لمبا اور کھوکھلا ہے۔"
دوسرا شخص اندر گیا تو اس کا ہاتھ ہاتھی کی ٹانگوں پر پڑا۔ وہ باہر آکر بولا: "میں نے ہاتھی دیکھ لیا ہے، ہاتھی تو ایک مضبوط ستون (کھمبے) کی طرح ہے۔"
تیسرے شخص نے ہاتھی کے کانوں کو چھوا اور کہنے لگا: "ہاتھی تو پنکھے اور چھاج (سوپ) کی طرح ہے، ہاں کچھ چوڑا اور نرم سا ہے۔"
چوتھے شخص کا ہاتھ ہاتھی کی پیٹھ (پشت) پر پڑا تو وہ بولا: "ہاتھی تو ایک بڑے تخت (چبوترے) کی طرح ہے۔"
اگر ان کے ہاتھ میں روشنی یا چراغ ہوتا تو ان کے درمیان یہ اختلاف پیدا نہ ہوتا۔
نتیجہ / سبق
انسانوں کے درمیان باہمی اختلافات اور جھگڑے جہالت کی تاریکی اور مکمل سچائی سے ناواقفیت کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ اگر انسان علم کی روشنی اور حکمت سے فائدہ اٹھائے تو باہمی تعصب اور جھگڑے ختم ہو سکتے ہیں۔
(حکایاتِ رومی)

