بندے کا اختیار
ایک چور چوری کرنے کی نیت سے ایک باغ میں جا گھسا اور ایک درخت پر چڑھ کر بہت سے پھل توڑنے (جھاڑنے) لگا۔ اچانک وہاں باغ کا مالک آگیا۔ اس نے چور کو درخت پر دیکھا تو کہنے لگا: "اے بے شرم! اللہ تعالیٰ سے حیا کر، یہ تو کیا کر رہا ہے؟"
چور نے جواب دیا: "یہ باغ اللہ تعالیٰ کا ہے اور میں اللہ تعالیٰ کا بندہ ہوں۔ اگر اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ پھل عطا کیے ہیں تو تو جاہلوں کی طرح مجھے کیوں ملامت کر رہا ہے؟ تو خدا کے دسترخوان پر بخیلی (بخل) کیوں کر رہا ہے؟"
باغ کے مالک کو یہ سن کر بڑا غصہ آیا کہ ایک تو چوری اوپر سے سینہ زوری اور کس ہٹ دھرمی سے چوری کا جواز پیش کر رہا ہے! اس نے اپنے نوکر کو آواز دی اور کہا: "جلدی سے ایک رسی لے کر آ تاکہ میں اس بھلے مانس شخص کو جواب دوں۔"
نوکر بھاگتا ہوا رسی لے کر آیا اور مالک کے حوالے کر دی۔ مالک نے چور کو پکڑا اور اسے درخت کے ساتھ کس کر باندھ دیا، پھر ایک لاٹھی سے اسے مارنا شروع کر دیا۔ پھل چوری کرنے والا چیختے ہوئے بولا: "اے شخص! اللہ تعالیٰ سے شرم کر، تو کیوں مجھ بے قصور کو بے دردی سے مار رہا ہے؟"
باغ کے مالک نے کہا: "یہ لاٹھی بھی اللہ کی ہے، میں بھی اللہ کا بندہ ہوں، تیری کمر اور پہلو بھی اللہ کا ہے اور میں تجھے اللہ تعالیٰ کے حکم سے مار رہا ہوں، تو اس میں کیا برائی ہے؟"
اس پر وہ چور بولا: "اے اللہ کے بندے! مجھے نہ مار، میں اپنی اس بات سے توبہ کرتا ہوں اور میں انسان کے بااختیار ہونے کا قائل ہو گیا ہوں۔"
نتیجہ / سبق
انسان اپنے اعمال اور افعال میں خود بااختیار ہے اور اپنے اچھے یا برے کاموں کا خود ذمہ دار ہے۔ اپنی گناہوں اور غلطیوں کا الزام تقدیر یا اللہ کی رضا پر ڈالنا سخت گمراہی اور بے ہودہ بہانہ ہے۔
(حکایاتِ رومی)

