باتیں ہی باتیں
کسی شخص کے پاس ایک گدھا تھا۔ ایک دن وہ اسے بیچنے کے لیے گدھے کو لے کر گھر سے روانہ ہوا تو اس کا بیٹا بھی ساتھ ہو لیا۔ وہ دونوں گدھے کو لے کر پیدل چلے جا رہے تھے کہ ایک کنویں پر عورتیں پانی بھر رہی تھیں۔ باپ بیٹے کو گدھے کے ساتھ پیدل چلتے دیکھا تو وہ آپس میں ہنس کر باتیں کرنے لگیں: "یہ دونوں کتنے بےوقوف ہیں کہ سواری پاس موجود ہے اور پھر بھی پیدل چلے جا رہے ہیں!"
یہ بات باپ نے سن لی اور اپنے بیٹے سے کہا: "تم گدھے پر بیٹھ جاؤ، میں پیدل چلتا ہوں۔" اور بیٹا گدھے پر سوار ہو گیا۔ ابھی وہ کچھ ہی دور گئے تھے کہ راستے میں کچھ دانا (عقل مند) لوگ ملے۔ جب ان کی نظر ان پر پڑی تو ایک نے کہا: "دیکھو جی! کیسا زمانہ آگیا ہے، جوان بیٹا سواری پر مزے سے بیٹھا ہے اور بوڑھا باپ پیدل چل رہا ہے۔" یہ بات سن کر بیٹا گدھے سے نیچے اتر آیا اور باپ سے اصرار کر کے اسے سوار کر دیا، اور خود پیدل چلنے لگا۔
ابھی وہ تھوڑی ہی دور گئے تھے کہ انہیں کچھ جوان لڑکیوں کا گروہ ملا۔ ان میں سے ایک کہنے لگی: "دیکھو! یہ بوڑھا کتنا بے حس ہے، خود سواری پر بیٹھا ہے اور چھوٹے بیٹے کو پیدل چلا رہا ہے۔"
یہ سن کر باپ نے بیٹے کو بھی اپنے ساتھ گدھے پر سوار کر لیا۔ ابھی وہ تھوڑی ہی دور آگے بڑھے تھے کہ راہ چلتے کچھ اور لوگ ملے۔ ایک شخص نے بوڑھے سے کہا: "میاں! کیا یہ گدھا تمہارا دشمن ہے؟ ہمیں تو یقین نہیں آ رہا، وہ بیچارہ تھکن سے نڈھال ہو کر مرنے کے قریب ہے اور تمہیں ذرا پروا نہیں۔ دو دو آدمیوں کو ایک دبلے پتلے گدھے پر سوار ہوتے ہم نے آج ہی دیکھا ہے۔"
یہ سن کر باپ اور بیٹا دونوں گدھے سے اتر آئے اور پیدل چلنے لگے۔ باپ نے کہا: "جتنے منہ اتنی باتیں! اس دنیا میں کوئی شخص ہر ایک کو خوش نہیں رکھ سکتا۔"
نتیجہ / سبق
انسان کبھی بھی دنیا کے تمام لوگوں کو خوش نہیں کر سکتا، کیونکہ لوگ ہر حال میں تنقید کا راستہ نکال لیتے ہیں۔ اس لیے دوسروں کی باتوں کی پروا کیے بغیر ہمیشہ عقل اور منافقت سے پاک درست فیصلے کرنے چاہئیں۔
(حکایاتِ رومی)

