خواب میں
مسٹر رامن کپل کینوئیر ریفریجریٹر اور ایئر کنڈیشننگ کا بزنس کرتے ہیں، ان کی کمپنی کا نام کپسز (Kapsons) ہے۔ نئی دہلی میں آصف علی روڈ پر ان کا ہیڈ آفس ہے۔
مسٹر رامن کپل کو اپنی کمپنی کے لیے ایک سلوگن کی ضرورت تھی۔ انہوں نے اشتہارات میں اس کا اعلان کیا کہ جو شخص کم لفظوں میں ایک اچھا سلوگن بنا کر دے گا، اس کو مناسب انعام دیا جائے گا۔ بار بار کے اعلانات کے باوجود کوئی بھی ایسا شخص نہ ملا جو انہیں ایک اچھا سلوگن دے سکے۔ بعض لوگوں نے کچھ جملے لکھ کر بھیجے، مگر رامن کپل کو وہ پسند نہ آئے۔ سلوگن مختصر اور پُر اثر ہونا چاہیے تھا مگر وہ سب روایتی تھے۔ انہوں نے جب 4 دسمبر 1983 کو مجھ سے ملاقات کی، تو رٹائرڈ مسٹر کپل اس پر رات دن غور کر رہے تھے۔ ان کا ذہن مسلسل اسی کی تلاش میں لگا ہوا تھا، مگر کامیابی نہیں مل رہی تھی۔
اسی ادھیڑ بن میں چھ ماہ گزر گئے۔ اس کے بعد ایسا ہوا کہ رامن کپل نے ایک رات کو ایک خواب دیکھا۔ خواب میں انہوں نے دیکھا کہ وہ ایک باغ میں ہیں۔ نہایت خوبصورت اور سہانا موسم ہے۔ ہر طرف طرح طرح کی رنگ برنگی چڑیاں درختوں پر چہچہا رہی ہیں۔ یہ منظر دیکھ کر وہ بے حد خوش ہوئے۔ ان کی زبان سے نکلا "the weather masters" (موسم کے مالک)
یہ کہتے ہوئے ان کی آنکھ کھل گئی۔ اچانک انہیں معلوم ہوا کہ انہوں نے وہی سلوگن دریافت کر لیا ہے جس کی تلاش میں وہ برسوں سے سرگرداں تھے۔ فوراً ان کے ذہن میں یہ انگریزی جملہ مرتب ہو گیا: KAPSONS: the weather masters.
خواب انسان کے دماغ کی وہ سرگرمی ہے جسے وہ نیند کی حالت میں بھی جاری رکھتا ہے۔ اگر آپ اپنے ذہن کو سارا دن کسی کام میں مشغول رکھتے ہیں، تو رات کو بھی وہی چیز خواب میں آپ کے سامنے آئے گی۔ تاریخ کی بہت سی ایجادات خواب کے ذریعے ہی منظرِ عام پر آئیں کیونکہ ان کے موجد اپنی ایجاد میں اتنے مگن تھے کہ سوتے ہوئے بھی ان کا ذہن اسی کام میں مصروف رہتا تھا۔ خواب دراصل کسی چیز میں کام کی ذہنی وابستگی کا نتیجہ ہے۔ اس طرح انسان کی کام کرنے کی صلاحیت 12 گھنٹے سے بڑھ کر 24 گھنٹے ہو جاتی ہے۔ یہی کسی مقصد میں کامیابی حاصل کرنے کا راز ہے۔ مقصد کے ساتھ گہری وابستگی کے بغیر کوئی بڑا کام انجام دینا ممکن نہیں، نہ اس دنیا میں اور نہ آخرت میں۔

