غیبی ندا
ایک مرتبہ کا ذکر ہے کہ ایک شخص تجارت کے مقصد سے گھر سے نکلا۔ راستے کی بے شمار مشکلات برداشت کرتے ہوئے وہ ایک جنگل سے گزرا تو اسے زمین پر ایک اپانچ لومڑی دکھائی دی۔ وہ لومڑی ہاتھ اور پاؤں سے بالکل معذور تھی اور چل پھر نہیں سکتی تھی، لیکن جسمانی طور پر کافی صحت مند دکھائی دیتی تھی۔
اس شخص کے دل میں یہ خیال آیا کہ یہ لومڑی تو بالکل چل پھر نہیں سکتی، آخر یہ کہاں سے کھاتی پیتی ہے؟ وہ شخص ابھی یہ سوچ ہی رہا تھا کہ اچانک ایک طرف سے شیر آتا دکھائی دیا جو ایک جانور کا شکار کر کے لا رہا تھا۔ اس شخص نے شیر کو دیکھا تو خوفزدہ ہو کر قریب ہی ایک درخت پر چڑھ گیا۔
اب اس شخص نے درخت پر چڑھ کر نیچے دیکھا تو کیا دیکھتا ہے کہ شیر جس جانور کا شکار کر کے لایا ہے، اسے لومڑی کے قریب ہی بیٹھ کر کھانا شروع کر دیا ہے۔ جب شیر نے پیٹ بھر کر کھا لیا تو بچا کھچا گوشت وہیں چھوڑ کر جنگل کی طرف روانہ ہو گیا۔ شیر کے جانے کے بعد لومڑی اپنے جسم کو گھسیٹتی ہوئی اس بچے کھچے گوشت کی طرف بڑھی اور اسے کھانا شروع کر دیا۔
اس شخص نے جب یہ صورت حال دیکھی تو سوچنے لگا: "جب اللہ تعالیٰ اس معذور لومڑی کو بیٹھے بٹھائے رزق دے سکتا ہے تو پھر مجھے گھر سے نکل کر رزق کے لیے در بدر پھرنے کی کیا ضرورت ہے؟ میں بھی آرام سے اپنے گھر بیٹھتا ہوں، اللہ تعالیٰ خود ہی میری روزی کا کوئی نہ کوئی ذریعہ بنا دے گا۔"
یہ سوچ کر وہ شخص درخت سے نیچے اترا اور سیدھا اپنے گھر کی طرف واپس روانہ ہو گیا۔ گھر جا کر وہ بیکار بیٹھ گیا اور کوئی کام کاج نہ کرتا تھا، بلکہ اس بھروسے پر بیٹھا رہا کہ غیب سے روزی کا کوئی ذریعہ بن جائے گا۔ اس طرح بیٹھے بیٹھے کئی دن گزر گئے، مگر کسی بھی طرف سے کچھ نہ آیا تو وہ گھبرا گیا اور کہنے لگا: "اے اللہ! اس معذور لومڑی کو تو بیٹھے بٹھائے رزق ملتا ہے اور مجھے آج اتنے دن ہو گئے ہیں، تو نے میری طرف کچھ بھی نہیں بھیجا، آخر وہ کیا بات ہے؟"
غیب سے آواز آئی: "اے نادان! ہم نے تجھے دو چیزیں دکھائی تھیں۔ ایک معذور لومڑی تھی جو دوسروں کے بچے کھچے کھانے پر نظر رکھتی تھی، اور ایک شیر دکھایا تھا جو اپنی ہمت اور محنت سے شکار کر کے لاتا تھا، خود بھی کھاتا تھا اور دوسرے معذوروں و محتاجوں کو بھی کھلاتا تھا۔ اے نادان! تو نے اس واقعہ سے یہ سبق حاصل کیا کہ خود معذور لومڑی کی طرح بن کر بیٹھ گیا، جبکہ ہم نے تجھے صحت مند ہاتھ پاؤں دیے تھے۔ تو اس شیر کی طرح کیوں نہ بنا جو خود بھی کماتا ہے اور دوسروں کو بھی کھلاتا ہے؟ اٹھ، شیر بن اور اپنی روزی خود کما، محنت اور ہمت سے کام لے کیونکہ محنت میں ہی عظمت ہے، خود بھی کھاؤ اور محتاجوں کو بھی کھلاؤ۔"
اس شخص نے جب اس غیبی آواز کو سنا تو دل میں بہت شرمندہ ہوا، اور پھر سے تجارت کے لیے سفر کی تیاری شروع کر دی۔
نتیجہ / سبق
ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھنے اور خود کو معذور سمجھنے کے بجائے انسان کو شیر کی طرح محنت و مشقت کرنی چاہیے، تاکہ وہ نہ صرف خود اپنی روزی کما سکے بلکہ دوسروں اور محتاجوں کی مدد کا ذریعہ بھی بن سکے۔ محنت میں ہی عظمت اور عزت ہے۔
(حکایاتِ رومی)

