اللہ میرا محافظ ہے
ایک مرتبہ کا ذکر ہے کہ ایک یہودی حضرت علی رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا: "اے علی! اگر آپ کو اس بات پر پورا یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کی حفاظت فرماتا ہے، تو آپ کسی اونچے قلعے یا مکان کی چھت سے اپنے آپ کو نیچے گرا کر دکھائیں تاکہ مجھے بھی یقین آ جائے کہ آپ کو اپنے عقیدے اور ایمان پر پورا بھروسا ہے۔"
حضرت علی رضی اللہ عنہ نے جواب دیا: "بے شک مجھے اس بات پر کامل یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ ہی میرا محافظ ہے، لیکن کسی بندے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ امتحان یا آزمائش کے ذریعے اللہ تعالیٰ کو آزمائے۔ یہ بات تو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سخت گستاخی اور بے ادبی ہے، جس کا نتیجہ تباہی کے سوا کچھ نہیں نکلتا۔ آزمانے کا حق صرف اللہ تعالیٰ کو حاصل ہے کہ وہ اپنے بندوں کو آزمائے۔ میں تو کسی دلیل اور تجربے کے بغیر اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ میری حفاظت فرماتا ہے۔"
یہودی نے جب حضرت علی رضی اللہ عنہ کی یہ حکمت بھری باتیں سنیں تو خاموشی سے اپنا راستہ لیا۔
نتیجہ / سبق
انسان کو اللہ تعالیٰ کی ذات اور اس کی حفاظت پر کامل ایمان اور یقین رکھنا چاہیے، لیکن ایمان کا امتحان لینے کے لیے جان بوجھ کر خود کو ہلاکت اور خطرے میں ڈالنا نادانی اور گناہ ہے۔
(حکایاتِ رومی)

