مقصدیت
جاپان نے ۱۹۳۱ء میں چین کے شمالی مشرقی حصے (مانچوریا) پر قبضہ کر لیا، اور وہاں اپنی پسند کی حکومت قائم کر دی۔ اس کے بعد چین اور جاپان کے تعلقات خراب ہو گئے۔ 7 جولائی ۱۹۳۷ء میں بیجنگ کے پاس مارکو پولو برج کا واقعہ پیش آیا۔ اس واقعے نے دبے ہوئے جذبات کو بھڑکا دیا، اور دونوں ملکوں کے درمیان میں فوجی ٹکراؤ شروع ہو گیا، جو بالآخر دوسری جنگِ عظیم تک جا پہنچا۔
چین کے نئے وزیرِ اعظم ڈینگ ژیاؤ پنگ نے حال ہی میں اشتراکِ انتہا پسندی کو ختم کیا اور کھلے دروازے کی پالیسی اختیار کی تو جاپان کے لیے دوبارہ موقع مل گیا۔ چنانچہ آج کل جاپان نے چین میں زبردست سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ آپ اگر جاپان سے چین جانا چاہیں تو آپ کو ہوائی جہاز میں اپنی سیٹ کئی ماہ قبل بک کرانی ہوگی۔ جاپان سے چین جانے والے ہر ہوائی جہاز کی ایک ایک نشست بھری ہوئی ہوتی ہے۔
چین میں تجارت کے زبردست امکانات ہیں۔ جاپان چاہتا ہے کہ ان تجارتی امکانات کو بھرپور استعمال کرے۔ اس مقصد کے لیے جاپان نے یکلخت طور پر ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا دیا۔ ایک سیاح کے الفاظ میں جاپان نے طے کر لیا کہ وہ چین کی طرف سے پیش آنے والی ہر اشتعال انگیزی کو یکطرفہ طور پر برداشت کرے گا۔
مذکورہ سیاح نے لکھا ہے کہ میری ٹوکیو اقامت (جون ۱۹۸۵ء) کے زمانے میں بیجنگ ریڈیو نے اعلان کیا کہ چین ایک میوزیم بنائے گا جس میں تصویروں کے ذریعے یہ دکھایا جائے گا کہ جاپانیوں نے چینیوں کے اوپر ماضی میں کیسے کیسے مظالم کیے ہیں۔ اس نمائش گھر کا افتتاح ۱۹۸۷ء میں ہوگا جب کہ مارکو پولو کے واقعے کو ۵۰ سال پورے ہو جائیں گے۔ جاپانیوں سے اس خبر پر تبصرہ کرنے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے خاموشی اختیار کی، جب زیادہ زور دیا گیا تو انہوں نے جواب دیا:
You know our Chinese friends have a way of twisting our tails and appealing to our conscience. (آپ جانتے ہیں کہ ہمارے چینی دوستوں کا ہمیں چھیڑنے کا ایک طریقہ ہے، وہ ہمارے ضمیر کو متوجہ کر رہے ہیں۔ - ٹائمز آف انڈیا ۱۹۸۵ء)
جاپان کے سامنے ایک مقصد تھا، یعنی اپنی تجارت کو فروغ دینا۔ اس مقصد نے جاپان کے اندر کردار پیدا کیا۔ اس مقصد نے اس کو حکمت، برداشت، اعراض کرنا اور صرف بقدرِ ضرورت بولنا سکھایا۔ اس کے مقصد نے اس کو بتایا کہ کس طرح وہ ماضی کو بھلا دے اور تمام جھگڑوں اور شکایتوں کو یکطرفہ طور پر نظر انداز کر دے تاکہ اس کے لیے مقصد تک پہنچنے کی راہ ہموار ہو سکے۔
بمقصد گروہ کی نفسیات ہمیشہ یہی ہوتی ہے، خواہ اس کے سامنے تجارتی مقصد ہو یا کوئی دوسرا مقصد۔ اور جب کوئی گروہ یہ صفات کھو دے تو یہ اس بات کی علامت ہوتی ہے کہ اس گروہ نے مقصد ہی کھو دیا ہے۔ اس کے سامنے چونکہ کوئی مقصد نہیں اس لیے اس کے افراد کا کوئی کردار بھی نہیں۔
موجودہ زمانہ میں ہماری قوم کی سب سے بڑی کمزوری اس کی بےکرداری ہے۔ جس سطح پر بھی تجربہ کیجیے، آپ فوراً دیکھیں گے کہ لوگوں نے اپنا کردار کھو دیا ہے۔ ان کے اوپر کسی ٹھوس منصوبہ کی بنیاد نہیں رکھی جا سکتی۔ وہ دیوار کی کچی اینٹ ثابت ہوتے ہیں، وہ دیوار کی پکی اینٹ ہونے کا ثبوت نہیں دیتے۔
اس کمزوری کی اصل وجہ یہ ہے کہ آج ہماری قوم نے مقصد کا شعور کھو دیا ہے۔ وہ ایک بےمقصد گروہ ہو کر رہ گئے ہیں۔ ان کے سامنے نہ دنیا کی تعمیر کا نشانہ ہے نہ آخرت کی تعمیر کا نشانہ۔ یہی ان کی اصل کمزوری ہے۔ اگر لوگوں میں دوبارہ مقصد کا شعور زندہ کر دیا جائے تو دوبارہ وہ ایک جاندار قوم نظر آئیں گے۔ وہ دوبارہ ایک باکردار گروہ بن جائیں گے جس طرح وہ اس سے پہلے ایک باکردار گروہ بنے ہوئے تھے۔
قوم کے افراد کے اندر مقصد کا شعور پیدا کرنا ان کے اندر سب کچھ پیدا کرنا ہے۔ مقصد آدمی کی چھپی ہوئی قوتوں کو جگا دیتا ہے، وہ اس کو ایک نیا انسان بنا دیتا ہے۔

